کراچی کے علاقے پاک کالونی میں کے ایم سی کٹ کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے بعد لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں مدثر عرف ساوا عرف خوف زخمی حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دوسرا ملزم شاہزیب عرف شاھو کو تھانے منتقل کیا گیا ہے۔کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے دو پستولیں، موبائل فونز، نقدی اور گارڈن کے علاقے سے چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں ملزمان لیاری گینگ وار کے نعیم ڈاڈا گروپ سے تعلق رکھتے ہیں، جو شہر میں منشیات فروشی، اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔پولیس کے مطابق ملزم مدثر کا مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود ہے اور وہ اس سے قبل چار مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔






