طلبہ کا نقصان کم کرنے کے لیے کراچی میں نجی اسکول ہفتے کو کھلیں گے

کراچی میں آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ نے اعلان کیا ہے کہ طلبہ کے تعلیمی نقصان کی تلافی کے لیے نجی اسکول اب ہفتے کے روز بھی کھلے رہیں گے۔چیئرمین ایسوسی ایشن سید طارق شاہ کے مطابق حالیہ بارشوں اور شہری سیلاب کے باعث طویل تعطیلات ہوئیں جس سے تدریسی عمل بری طرح متاثر ہوا۔ اس صورتحال میں طلبہ کے قیمتی تعلیمی ایام ضائع ہونے کے پیشِ نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہفتے کے دن بھی معمول کے مطابق کلاسز لی جائیں گی تاکہ نصاب کی تکمیل ممکن ہو سکے۔ان کا کہنا تھا کہ بار بار موسمی ہنگامی حالات نے رواں برس تعلیمی تسلسل کو متاثر کیا ہے، اس لیے ہفتے کو تدریسی دن قرار دینا ناگزیر ہو گیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد طلبہ کو زیادہ سے زیادہ تعلیمی سہولت فراہم کرنا اور ان کے نقصان کی تلافی کرنا ہے۔