شرجیل میمن کی کچے کے علاقوں کے رہائشیوں سے فوری نقل مکانی کی اپیل

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے دریائی کچے کے علاقوں میں رہنے والے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ممکنہ سیلابی ریلے کے پیش نظر فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں تباہی مچانے والا سیلابی ریلا سندھ کی حدود میں داخل ہونے والا ہے جبکہ گڈو بیراج پر بڑا سیلابی ریلا پہنچ رہا ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ وقت کم ہے، لہٰذا دریا کے قریب یا کچے کے علاقوں میں رہائش پذیر لوگ فوری طور پر نقل مکانی کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور متاثرین کے لیے ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ عوام اپنی جانوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کریں اور حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔