سندھ حکومت نے خواتین کیلئے پنک اسکوٹیز کی فراہمی کے دوسرے مرحلے کا اعلان کر دیا۔ سینئر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت سندھ جلد خواتین کو اسکوٹیز کی نئی کھیپ فراہم کرنے جارہی ہے، اس سلسلے میں خواتین ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں، ٹریننگ حاصل کریں اور دوسرے مرحلے میں رجسٹریشن کرائیں۔شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے خواتین کو مفت تربیت اور مفت لائسنس کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔ طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو پنک اسکوٹیز فراہم کرنے کا مقصد انہیں روزمرہ کی سفری مشکلات سے نجات دلانا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے مرحلے میں پنک اسکوٹیز پروگرام کو غیر معمولی پذیرائی ملی، جس کے تحت درجنوں خواتین نے ڈرائیونگ سیکھی، لائسنس حاصل کیے اور سفری آسانی کے لیے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا۔ حکومت سندھ چاہتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے مستفید ہو کر باوقار اور محفوظ انداز میں اپنا تعلیمی اور پیشہ ورانہ سفر جاری رکھیں۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلز بس سروس، پنک بس سروس، الیکٹرک بس سروس اور اب پنک اسکوٹیز جیسے منصوبے شہریوں کے لیے سستی اور محفوظ نقل و حمل کی فراہمی کا تسلسل ہیں۔ خواتین کو سماجی اور معاشی طور پر مضبوط بنانا پیپلز پارٹی کے نظریاتی سفر کا حصہ ہے جو شہید بینظیر بھٹو کے وژن کا تسلسل ہے۔






