سندھ حکومت کا دریائے سندھ میں ممکنہ سیلاب سے متعلق انتباہ، 16 لاکھ افراد متاثر ہونے کا خدشہ

سندھ حکومت نے خبردار کیا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جس سے صوبے کے تقریباً 16 لاکھ افراد متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو وزیر آبپاشی جام خان شورو نے دریائی صورتحال پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 83 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 50 ہزار کیوسک ریکارڈ ہوا۔ سکھر بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 13 ہزار اور اخراج 2 لاکھ 59 ہزار کیوسک جبکہ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 64 ہزار اور اخراج 2 لاکھ 33 ہزار کیوسک ہے۔ حکام کے مطابق فی الحال بیراجوں کی صورتحال قابو میں ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو متحرک رہنے کی ہدایت دی اور کہا کہ صوبائی وزراء ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے اقدامات کی مسلسل نگرانی کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دریا کے اطراف کے بند اور نہری نظام کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔مراد علی شاہ نے کچے اور دریا کے کناروں پر رہنے والے افراد پر زور دیا کہ وہ حکومت اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تاکہ ان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔