اتحاد کمرشل میں پیش آنے والے واقعے میں تشدد کا نشانہ بننے والے دھیرج اور کلپانہ نے اپنی فیملی کے ہمراہ ڈی آئی جی ساؤتھ سے ملاقات کی۔ متاثرہ فیملی رنچھوڑ لائن کی رہائشی ہے، خوف اور دباؤ کے باعث ابتدا میں سامنے آنے سے قاصر رہی۔ تاہم پولیس کی جانب سے بھرپور تعاون اور تحفظ کی یقین دہانی کے بعد متاثرہ خاندان نے پولیس سے رجوع کرلیا ہے۔ مذکورہ کیس میں ان کے بیان لیے جائیں گے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ آپ کو کسی سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ سندھ پولیس آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور آپ کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی. وزیر اعلی سندھ کی جانب سے تمام رینج اور اضلاع میں ویکٹم سپورٹ یونٹ بنائے گئے ہیں۔ جن کا کام مظلوم کی داد رسی اور انصاف کی فوری فراہمی ہے۔ عورتوں کی عزت اور احترام سندھ کی دھرتی کی نمایاں خاصیت ہے۔ عورتوں کے ساتھ بدسلوکی کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ پولیس کی تفتیش میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ اب تک مرکزی ملزم سمیت چار ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ایک مضبوط مقدمہ تیار کیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلائی جاسکے۔ ملاقات کے اختتام پر ڈی آئی جی ساؤتھ کی جانب سے متاثرہ فیملی کو روایتی سندھی اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا گیا، جس پر متاثرین نے سندھ حکومت اور سندھ پولیس کی کاوشوں کو سراہا اور دلی شکریہ ادا کیا۔






