کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک ون میں بلڈر کے رائیڈر سے موٹرسائیکل سوار ملزمان 46 لاکھ 30 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، تاہم 19 لاکھ 80 ہزار روپے لٹنے سے بچ گئے۔سیلز مینجر عبدالباسط نے واردات کے بعد اپنے رائیڈر اور ڈرائیور پر ہی شک ظاہر کرتے ہوئے دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا اور پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس کے مطابق رائیڈر عدیل کے پاس کل 65 لاکھ 30 ہزار روپے کی رقم موجود تھی۔ واردات پیر کی شام تقریباً 4 بجے واٹر بورڈ دفتر کے قریب پیش آئی۔ رائیڈر کے مطابق سوا چار بجے دو موٹرسائیکلوں پر سوار تین نامعلوم ملزمان آئے اور کیش کا لفافہ چھین کر فرار ہوگئے، جس میں 46 لاکھ 23 ہزار روپے موجود تھے جبکہ باقی 19 لاکھ 80 ہزار گاڑی کی سیٹ کے نیچے رکھے ہونے کے باعث محفوظ رہے۔مدعی سیلز مینجر نے پولیس کو بیان دیا کہ کمپنی کی پالیسی کے مطابق اتنی بڑی رقم کبھی بغیر سیکیورٹی گارڈ منتقل نہیں کی جاتی، لیکن رائیڈر اور ڈرائیور نے اپنی مرضی سے سیدھا راستہ چھوڑ کر متبادل راستہ اختیار کیا۔ ان کے مطابق واردات دونوں کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔پولیس نے مقدمہ نمبر 763/2025 درج کرلیا ہے جس میں دفعات 109 اور 397/34 شامل کی گئی ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔






