اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے پری انجینئرنگ گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ چیئرمین بورڈ فقیر محمد لاکھو کے مطابق اس سال کامیابی کا تناسب 54.94 فیصد رہا جبکہ نمایاں بات یہ ہے کہ تینوں پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں۔ پہلی پوزیشن عثمان پبلک اسکول کیمپس ون کی لائبہ انصاری اور بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی سیدہ عنزیلہ حیدر زیدی نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔ دوسری پوزیشن اسی کالج کی طالبہ آئزل مرحا نے حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن ہمدرد انٹرمیڈیٹ کالج فار سائنس اینڈ کامرس بلاک ایچ نارتھ ناظم آباد کی حفصہ عمران کے حصے میں آئی۔ اعداد و شمار کے مطابق امتحانات میں 21 ہزار 617 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی جن میں سے 21 ہزار 19 شریک ہوئے جبکہ 11 ہزار 547 کامیاب قرار پائے۔ نتائج کے مطابق 1035 طلبہ و طالبات نے اے ون گریڈ، 1762 نے اے گریڈ، 2351 نے بی گریڈ، 2938 نے سی گریڈ، 3124 نے ڈی گریڈ اور 296 نے ای گریڈ کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ نتائج بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر جاری کردیے گئے ہیں جبکہ امیدوار انہیں بورڈ کی اینڈرائڈ ایپ “BIEK” کے ذریعے بھی دیکھ سکتے ہیں، جو گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے۔