ناردرن بائی پاس مویشی دوست منڈی 2025 میں ٹائیگرکی انٹری

کراچی کی ناردرن بائی پاس مویشی منڈی 2025 میں اس سال کا سب سے منفرد اور خوبصورت بیل “ٹائیگر” سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ کنگ سلیگر اور برہمن کراس نسل سے تعلق رکھنے والا یہ دھاری دار بیل اپنی کالی اور پیلی رنگت، بھاری جسامت اور ٹائیگر پرنٹ جیسے منفرد خدوخال کے باعث دیکھنے والوں کو مسحور کر رہا ہے۔ بیوپاری سلیم کے مطابق، ٹائیگر ان کے گھر کی پالی ہوئی بریڈ ہے، جس کی خدمت انہوں نے خاص انداز سے کی ہے۔ “یہ پونے دو سال کا کچا کھیرا ہے،” سلیم کہتے ہیں، “ناز نخروں سے پلا ہے اور اب منڈی کی رونق بنا ہے۔” ٹائیگر کی خوراک بھی کسی شہزادے سے کم نہیں — مکھانے، چنے، چوکر، مکئی، دودھ اور مکھن اس کی پسندیدہ غذا ہیں۔ بیوپاری کا کہنا ہے: “ٹائیگر نہ صرف اپنی جسامت اور پرنٹ میں انمول ہے بلکہ قیمت بھی اپنی مرضی کی رکھیں، اگر ذوق اعلیٰ ہو تو لے جائیں!” قربانی کے شوقین افراد کے لیے “ٹائیگر” اس وقت منڈی کا سب سے نمایاں انتخاب بن چکا ہے۔