جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک دلچسپ اور غیر معمولی واقعہ پیش آیا جب نجی ایئرلائن کی پرواز پی اے 206 میں دو اضافی مسافروں کے سوار ہونے پر طیارے کی روانگی مؤخر کر دی گئی۔ذرائع کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز روانگی کے لیے رن وے پر ٹیکسی کر رہی تھی کہ اسی دوران کپتان کو طیارے میں دو اضافی مسافروں کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔کپتان نے فوراً طیارے کو واپس پارکنگ ایریا میں لے جانے کا فیصلہ کیا۔ عملے نے تصدیق کے بعد دو اضافی مسافروں کو اتار دیا، جس کے بعد پرواز کو دوبارہ روانہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق پرواز پی اے 206 شام 5 بجے روانہ ہونی تھی تاہم واقعے کے باعث اسے ایک سے ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران طیارے میں موجود 170 مسافر پریشانی کا شکار رہے۔ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ اضافی مسافروں کے سوار ہونے کی وجہ اور ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔






