کراچی میں دو الگ ٹریفک حادثات میں موٹرسائیکل سوار دو نوجوان جاں بحق

شہر قائد میں نارتھ کراچی اور شاہراہ فیصل پر پیش آنے والے دو الگ ٹریفک حادثات میں موٹرسائیکل سوار 22 سالہ دو نوجوان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ پہلا واقعہ بلال کالونی کے علاقے نارتھ کراچی سمامہ مال کے قریب منگل کی صبح پیش آیا، جہاں موٹرسائیکل گڑھے میں لگنے سے گر گئی۔ زخمی نوجوان کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ ترجمان ایدھی کے مطابق متوفی کی شناخت وسیم ولد رفیع کے نام سے ہوئی، جو دومنٹ چورنگی کے قریب فائزہ اپارٹمنٹ کا رہائشی اور بریانی سینٹر میں نائٹ ڈیوٹی کرتا تھا۔ حادثے کے وقت وہ ڈیوٹی سے فارغ ہو کر ناشتہ لینے جا رہا تھا۔ ورثا نے پولیس کارروائی سے انکار کر دیا، جس پر ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔ دوسرا حادثہ فیروزآباد تھانے کی حدود میں شاہراہ فیصل نرسری کے قریب آج علی الصبح پیش آیا، جہاں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت سہیل احمد ولد نوید احمد کے نام سے ہوئی۔ لاش جناح اسپتال منتقل کر دی گئی جبکہ حادثے کی ذمے دار گاڑی کی تلاش جاری ہے۔