کراچی ٹریفک کے ڈپٹی انسپیکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پیر محمد شاہ نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں اور نمبر پلیٹ چھپانے والے شہریوں کے خلاف اب ایف آئی آر درج کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ کراچی چیمبر آف کامرس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ کراچی ٹریفک مینجمنٹ کمپنی کے قیام سے شہر میں ٹریفک انجینئرنگ کے جدید نظام کو فروغ ملے گا، اور اس کمپنی کا چیف ایگزیکٹو ٹریفک مینجمنٹ میں ماسٹرز یا پی ایچ ڈی رکھنے والا ہونا چاہیے تاکہ شہر کو عالمی معیار کا ٹریفک سسٹم فراہم کیا جاسکے۔ ڈی آئی جی کے مطابق اگر چالان کی رقم کمپنی کے ذریعے جمع کی جائے تو دو سال میں شہر کا نقشہ بدل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای چالان سسٹم متعارف ہونے کے بعد ٹریفک حادثات کی شرح 96 سے کم ہوکر 46 رہ گئی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ نظام شہریوں کی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہیوی گاڑیوں میں ٹریکر لگانا اب قانونی طور پر لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور اس کی خلاف ورزی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں ڈمپروں کے ٹائر اور بریکنگ سسٹم خراب ہونے کے باعث حادثات بڑھ جاتے ہیں، اس لیے ڈمپروں کی فٹنس اور لائسنس کی چیکنگ کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے مزید کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ شہر میں چار مقامات پر کمرشل وہیکلز کے فٹنس سینٹرز قائم کر رہا ہے تاکہ فٹنس کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ای چالان نظام کے تحت گزشتہ ماہ ٹریفک حادثات میں صرف 46 اموات رپورٹ ہوئیں۔ پہلی مرتبہ خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے حکومت نے جرمانہ معاف کرنے کی سہولت رکھی ہے جسے شہری 11 سہولت مراکز میں ڈیجیٹل طریقہ کار کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔ پیر محمد شاہ نے چالان میں کمی کو قانون پر عمل کرنے والے شہریوں کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جرمانے شہری کی مالی برداشت کی بنیاد پر نہیں بلکہ قانون کی سختی اور نظم و ضبط کے پیش نظر مقرر کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نمبر پلیٹ چھپانے والوں کی اب کوئی گنجائش باقی نہیں رہی اور اس خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شارع فیصل پر اتنے کیمرے نصب ہوچکے ہیں کہ اب شہریوں کو انتہائی احتیاط سے گزرنا ہوگا۔ دسمبر سے شارع فیصل پر بائیک لین کے نفاذ کے لیے باقاعدہ اقدامات کیے جائیں گے۔ تقریب سے کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر ریحان حنیف، جاوید بلوانی اور رانا محمد اکرم نے بھی خطاب کیا۔






