کراچی کےعلاقے ڈیفنس کے قریب رہائشی عمارت سے گر کر خاتون جاں بحق 

کراچی کے علاقے درخشاں، ڈیفنس فیز فائیو بدر کمرشل کے قریب واقع ایک رہائشی عمارت سے گر کر خاتون جاں بحق ہو گئی۔ پولیس کے مطابق، جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 45 سالہ ندا زوجہ ذوالفقار کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ پانچ بچوں کی ماں تھیں۔ واقعہ بدھ کی صبح پیش آیا جب وہ رہائشی عمارت کی چھت سے گر گئیں۔ ایس ایچ او درخشاں شاہد تاج کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ خاتون نے مبینہ طور پر خودکشی کی ہے۔ ان کے شوہر کا کہنا ہے کہ ندا گزشتہ کچھ عرصے سے نفسیاتی مسائل اور شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔ متوفیہ اور ان کا خاندان عمارت کی تیسری منزل پر مقیم تھا۔ ان کے شوہر کے مطابق، ندا صبح چھت پر گئیں اور پھر مبینہ طور پر وہاں سے چھلانگ لگا دی۔ پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔