کراچی میں تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق

کراچی میں ہیوی ٹریفک کے باعث جان لیوا حادثات کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ قومی شاہراہ پر رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے سامنے تیز رفتار ٹرالر نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا نوجوان 20 سالہ ذیشان ولد اکبر جان تھا، جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی گئی۔حادثے کے بعد موقع پر موجود شہری مشتعل ہوگئے اور ٹرالر کے شیشے توڑ ڈالے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور ٹرالر کو قبضے میں لے کر ڈرائیور معشوق علی ولد احمد کو گرفتار کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔