لانڈھی میں ٹرالر کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق، ایک زخمی

شہر قائد میں تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ شہریوں کو کچلنے والے بھاری گاڑیوں کے حادثات کا سلسلہ رک نہ سکا۔تفصیلات کے مطابق حادثہ لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر ماری۔ حادثے کے نتیجے میں 20 سالہ کاشان جاں بحق جبکہ 19 سالہ جواد زخمی ہوا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاش اور زخمی نوجوان کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق تیز رفتار ٹرالر کے ڈرائیور سلیمان خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور حادثے سے متعلق مزید شواہد اور معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے علاقے رامسوامی گارڈن میں ڈمپر کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا، جس کی صرف 4 ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔