اورنگی ٹاؤن میں نوجوان قتل، واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 زیڈ ایم سی آفتاب پارک کے عقب میں فائرنگ کے واقعے میں ایک 26 سالہ نوجوان زین ولد عبدالحمید جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ واردات دشمنی کا شاخسانہ تھی لیکن اسے ڈکیتی مزاحمت کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔پولیس کے مطابق مقتول بلدیہ ٹاؤن نمبر 9 کا رہائشی تھا اور مقامی فوڈ اسٹریٹ میں ہوٹل پر ملازمت کرتا تھا۔ وہ چند روز قبل ہی لاہور سے کراچی آیا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مقتول کو اورنگی ٹاؤن بلا کر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ پولیس نے مقتول کا موبائل فون قبضے میں لے لیا ہے اور اس کی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ مقتول کو آخری کال کس نے کی تھی۔فوٹیج کے مطابق واردات صبح 8 بج کر 24 منٹ پر ہوئی۔ موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے مقتول کو گھیر کر تھپڑ مارے، بعدازاں ایک ملزم نے اس کی جیب پر ہاتھ مارا۔ مقتول نے مزاحمت کی تو مسلح ملزم نے فائرنگ کردی۔ فوٹیج میں یہ بھی واضح ہے کہ مقتول نے مزاحمت کے دوران موبائل فون دینے کے بعد حملہ آور کو دھکا دیا، تاہم ملزم نے پستول کے بٹ سے تشدد کیا اور فائرنگ کرکے زین کو زخمی کر دیا۔ بعدازاں دونوں ملزمان موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ واردات کے دوران ملزمان کی پستول کا میگزین جائے وقوع پر گر گیا۔ مقتول کے ماموں کے مطابق زین دو بھائی اور تین بہنوں میں تیسرے نمبر پر تھا، وہ کچھ عرصہ لاہور میں مقیم رہنے کے بعد ایک ماہ قبل روزگار کے لیے دوبارہ کراچی آیا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول سے کوئی سامان چھینا نہیں گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔