شاہ فیصل کالونی میں گھر کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق

شاہ فیصل کالونی کے علاقے الحیدر سوسائٹی ڈرگ روڈ میں گھر کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک لڑکی زخمی ہوگئی۔پولیس کے مطابق مقتول کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی۔ مقتول کی شناخت 26 سالہ ارتضیٰ علی ولد مظفر علی کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمی 18 سالہ ایمن دختر افتخار شاہ کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔شاہ فیصل تھانے کے ہیڈ محرر عثمان شاکر نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق زخمی لڑکی مقتول ارتضیٰ کی اہلیہ ہے۔ مقتول اپنی اہلیہ سے ملنے گھر آیا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے اہلخانہ سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، جس کے بعد صورتحال واضح ہوگی۔