کراچی سٹی کورٹ میں واقع مال خانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی

کراچی کی سٹی کورٹ کے ایف بلاک میں واقع مال خانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے فائر بریگیڈ نے ایک فائر ٹینڈر اور واٹر باؤزر کی مدد سے قابو پالیا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ عمارت کے لفٹ ایریا سے شروع ہوئی اور تیزی سے پھیلتے ہوئے تیسری منزل تک جا پہنچی۔ اس منزل پر موجود بینچز اور الماریاں آگ کی لپیٹ میں آ گئیں، تاہم بروقت کارروائی کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ کو کلیئر کر کے صورتحال کو مکمل طور پر کنٹرول میں لے لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جب کہ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ عدالتی ریکارڈ کی سیکیورٹی اور حفاظت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، جب کہ متعلقہ انتظامیہ کو فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔