کشمیر اسپورٹس کمپلیکس سے نیشنل گیمز کا قیمتی سامان چوری کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق کشمیر اسپورٹس کمپلیکس میں نیشنل گیمز کا سامان چوری کرنے والے ملزم کے خلاف مقدمہ سیکرٹری جنرل سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی مدعیت میں درج کیا گیا۔مقدمے کے متن میں بتایا گیا ہے کہ ملزم پہلے بھی دو تیر، 44 کمان اور دیگر قیمتی سامان چوری کرچکا تھا۔پولیس کے مطابق دورانِ پریکٹس جب آرچری کا سامان چوری کرنے کے لیے ایک شخص آیا تو انتظامیہ نے اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یہی ملزم ماضی میں بھی اسپورٹس کمپلیکس میں ہونے والی چوریوں میں ملوث تھا۔یاد رہے کہ جمشید کوارٹر تھانے کی حدود میں واقع کشمیر اسپورٹس کمپلیکس سے پہلے بھی لاکھوں روپے مالیت کا کھیلوں کا سامان چوری ہوا تھا۔سیکرٹری آرچری ایسوسی ایشن سندھ، اعجاز علی کے مطابق تقریباً 22 لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری کیا گیا تھا۔پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے چوری شدہ سامان کا کچھ حصہ برآمد کر لیا گیا ہے، تاہم ماضی میں چوری کیا گیا سامان وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کباڑ والے کو فروخت کر چکا ہے۔پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔






