کراچی میں بدھ، 24 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے کراچی کے ضلع غربی، شرقی اور کیماڑی کے مخصوص علاقوں کے لیے سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈپارٹمنٹ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔دوسری جانب صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ کے 14 اضلاع کی 28 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات اسی روز منعقد ہوں گے، جن کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ان ضمنی انتخابات میں 2 ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، 6 چیئرمین، 7 وائس چیئرمین اور 13 جنرل/وارڈ ممبران کا انتخاب کیا جائے گا۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ان نشستوں کے لیے 2 لاکھ 43 ہزار 187 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر 167 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں 127 کو انتہائی حساس، 34 کو حساس اور صرف 6 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔انتخابی عمل کی شفاف نگرانی کے لیے 14 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، 21 ریٹرننگ افسران، 21 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کے ساتھ ساتھ 14 ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران اور 21 مانیٹرنگ افسران بھی تعینات کیے گئے ہیں۔






