آل کراچی ہوٹلز اور ریسٹورنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ آئندہ دو روز کے اندر چائے خانوں اور ہوٹلوں کے لیے ایس او پیز تیار کر لی جائیں گی، جس پر عمل درآمد کی تحریری یقین دہانی کے بعد بند چائے خانوں اور ہوٹلوں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ہوٹلز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے کمشنر کراچی سے ملاقات کی اور روڈ سائیڈ چائے خانوں اور ہوٹلوں کے خلاف جاری مہم کی تعریف کی۔ وفد نے انتظامیہ کے اقدامات کو شہر اور ٹریفک نظام کے لیے ایک اہم فیصلہ قرار دیا۔اس موقع پر کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر جگہ جگہ بڑھتے چائے خانوں اور غیر ضروری انکروچمنٹ کی روک تھام شہری مسائل کم کرنے کی حکومتی پالیسی کا حصہ ہے۔ انتظامیہ کا ہدف ہے کہ ہوٹل اپنی حدود میں ہی کام کریں اور شہری آمدورفت اور ٹریفک میں خلل نہ پیدا ہو۔






