کیماڑی پولیس کی مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں، 5 ملزمان گرفتار 

ڈسٹرکٹ ملیر اور کیماڑی پولیس نے منشیات فروشی، گٹکا ماوا کی تیاری و فروخت، اور غیر قانونی ریتی بجری کی ترسیل کے خلاف مختلف علاقوں میں مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایس ایس پی ملیر کے مطابق، ملیر سٹی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو اہم ملزمان سجاد علی اور فہیم احمد کو حراست میں لیا، جن کے قبضے سے 40 کلو سے زائد مضر صحت گٹکا ماوا، 25 گرام آئس، نقد رقم اور موبائل فونز برآمد کیے گئے۔ دونوں ملزمان ممنوعہ مواد خود تیار کر کے شہر کے مختلف علاقوں میں فروخت کرتے تھے اور پولیس کی مطلوب ترین فہرست میں شامل تھے۔ میمن گوٹھ پولیس نے علیحدہ کارروائی میں ملیر ندی کے قریب سے ایک ملزم مجید اللہ ولد قربان علی کو گرفتار کیا، جو غیر قانونی طور پر مٹی کی کھدائی اور ریت کی ترسیل میں ملوث تھا۔ پولیس نے موقع پر موجود ڈمپر (نمبر TKA-295) کو بھی قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا۔ دوسری جانب، کیماڑی کے علاقے سائٹ اے میں پولیس نے قبر والی گلی، فخرالدین ولیکا روڈ پر چھاپہ مار کر دو منشیات فروشوں، حنیف ولد مسکین اور سلیمان ولد اکبر کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے آدھا کلو چرس، نقدی اور موبائل فونز برآمد کیے گئے۔ ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کا کہنا ہے کہ منشیات اور گٹکا ماوا جیسے سماجی ناسور کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی، اور شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ ایسے عناصر کی نشاندہی میں پولیس سے تعاون کریں۔