شہرِ قائد کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر الیون سی میں ایک مرتبہ پھر بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ علاقے میں روزانہ رات کے اوقات میں بجلی کی فراہمی معطل رہتی ہے، جس کے باعث مکین شدید مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق رات کے وقت بجلی بند ہونے سے پورا علاقہ تاریکی میں ڈوب جاتا ہے، جس سے نہ صرف روزمرہ زندگی متاثر ہوتی ہے بلکہ شہریوں کو شدید گرمی اور حبس کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔رہائشیوں نے شکایت کی ہے کہ بجلی کی بندش کے دوران انہیں کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے میں دشواری پیش آتی ہے کیونکہ تازہ ہوا کے لیے انہیں دروازے کھولنے پڑتے ہیں، تاہم اس دوران ڈینگی مچھر کے کاٹنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کے ساتھ ساتھ ڈینگی وائرس کے خطرے نے بھی ان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔علاقہ مکینوں نے کے الیکٹرک اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نارتھ کراچی سیکٹر الیون سی میں بجلی کی فراہمی میں جاری تعطل کو فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ شہری سکون کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں اور صحت کے خطرات سے محفوظ رہیں۔






