موسم کی تبدیلی کے ساتھ شہرِ قائد کا فضائی معیار انتہائی مضرِ صحت درجے تک جا پہنچا ہے۔ ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 174 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی، جو صحت کے لیے خطرناک سطح تصور کی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں موسم کی تبدیلی کے باعث فضائی آلودگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس سطح پر فضائی آلودگی خاص طور پر سانس، دل اور جلد کے امراض کا باعث بن سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا جبکہ دھوپ اور بادل کے درمیان موسم گرم اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث شہر میں شمال اور شمال مشرقی سمت سے خشک ہوائیں چل رہی ہیں۔ صبح اور رات کے اوقات میں خنکی محسوس ہوگی، تاہم دن کے وقت درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت 42 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر کھلی فضا میں وقت گزارنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔






