ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال نہ ملتوی ہوگی نہ منسوخ،کراچی چیمبر

کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جاوید بلوانی نے اعلان کیا ہے کہ ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال 19 جولائی ہفتہ کو اپنے شیڈول کے مطابق ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال نہ ملتوی ہوگی، نہ منسوخ — تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں جاوید بلوانی نے واضح کیا کہ ہڑتال کے حوالے سے ملتوی یا منسوخی کی افواہیں محض گمراہ کن پروپیگنڈہ ہیں۔ ایسے عناصر کا تاجروں اور ہڑتال سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ چاروں صوبوں کے بڑے چیمبرز کی باہمی مشاورت سے کیا گیا ہے، اور اگر مستقبل میں کوئی تبدیلی ہوئی بھی، تو وہ صرف اجتماعی مشاورت کے بعد ممکن ہوگی۔ جاوید بلوانی نے کہا: “تاجر، دکاندار، صنعتکار سب ہڑتال میں ہمارا ساتھ دیں۔ یہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں لیا گیا فیصلہ ہے۔” انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے حوالے سے کوئی بھی اعلان صرف تمام پارٹنر چیمبرز کی موجودگی میں مشترکہ پریس کانفرنس کے ذریعے ہی کیا جائے گا۔ کاروباری برادری اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، ہڑتال کی کال مکمل طور پر برقرار ہے اور اسے ناکام بنانے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔