ڈیفنس لائبریری کے قریب تیز رفتار ٹرالر حادثے کا شکار، دو افراد زخمی

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس لائبریری کے قریب ایک خطرناک حادثہ پیش آیا، جب ایک تیز رفتار ٹرالر بے قابو ہو کر ایک رہائشی بنگلے کی دیوار سے جا ٹکرایا۔ حادثے کے نتیجے میں ٹرالر ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت 32 سالہ رمضان (ٹرالر ڈرائیور) اور 29 سالہ ارشد (کلینر) کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ڈرائیور رمضان کی گردن میں فریکچر آیا ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ بارش کے بعد سڑک پر پھسلن کے باعث پیش آیا، جس نے ڈرائیور سے گاڑی پر قابو چھین لیا۔ حادثے میں بنگلے کی دیوار کو شدید نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے گھر خالی تھا اور مکین خاندان اسلام آباد میں مقیم ہے۔ ذرائع کے مطابق بنگلے کے مالک کی کراچی آمد آئندہ روز متوقع ہے، جس کے بعد متاثرہ مقام کا معائنہ کیا جائے گا۔ پولیس نے فوری طور پر ٹرالر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اگر ٹرالر کے مالک نے نقصان کا ازالہ کر دیا تو بنگلے کے مالک کی جانب سے قانونی کارروائی نہ کرنے کا امکان ہے۔